پاکستان میں 3000 الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

پاکستان میں 3000 الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، 350 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

کراچی: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کی توانائی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے کنوینر ملک خدا بخش نے پاکستان میں 3000 الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ یہ منصوبہ ایک چینی کمپنی کے تعاون سے پشاور سے کراچی تک موٹر وے کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔

ملک خدا بخش نے کراچی میں FPCCI کے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بتایا کہ اس منصوبے کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری 90 ملین ڈالر ہوگی، جبکہ فروری 2025 تک مزید 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

اس معاہدے کے تحت چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب سے تقریباً 350 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔


ملک خدا بخش نے مزید کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کے توانائی کے شعبے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے اس منصوبے کے لیے سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور زمین کی خریداری سمیت دیگر سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

یہ منصوبہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں مثبت تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔