اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے دور حکومت کو پی آئی اے کے زوال کا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایک وزیر کے بیان کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو بہت نقصان پہنچا۔
قومی اسمبلی میں اپنی گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ یورپی یونین نے پی آئی اے کو اجازت دے دی ہے اور جنوری کے آخر میں برطانیہ سے آڈٹ کے لیے ایک وفد آنے والا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین کی اجازت کے بعد انہیں امید ہے کہ برطانیہ سے بھی جلد اجازت مل جائے گی۔
پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پی آئی اے مستقبل میں منافع بخش ایئرلائن بن جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کے بند روٹس کو دوبارہ شروع کیا جائے گا اور گوادر، سندھ اور شمالی علاقوں میں چھوٹی ایئرلائنز کی خدمات فراہم کی جائیں گی، جس سے ملکی کنکٹیویٹی میں بہتری آئے گی۔