کرک اور بنوں میں پولیو ٹیموں پر حملہ، ایک پولیس اہلکار شہید، پولیو ورکر زخمی

04:06 PM, 16 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

پشاور: کرک اور بنوں میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک پولیو ورکر سمیت ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق، کرک کے علاقے بانڈہ داؤد شاہ میں نامعلوم حملہ آوروں نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی۔ اس حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا، جبکہ پولیو ورکر زخمی ہو گیا۔ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے، جس کے بعد پولیس نے علاقے میں اضافی نفری طلب کر لی۔

بنوں میں بھی تھانہ صدر کی حدود میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کی گئی، جس سے پولیو اہلکار حیات اللہ خان زخمی ہوگئے۔ لکی مروت میں تھانہ ڈڈیوالہ کے علاقے میں دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم سے سامان چھین لیا، مگر بعد میں انہیں چھوڑ دیا۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کرک میں پولیو ٹیم پر حملے کی شدید مذمت کی اور اعلی حکام سے فوری رپورٹ طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز اور پولیس اہلکار کی حفاظت ضروری ہے، اور زخمی پولیو ورکر کو بہترین علاج فراہم کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا سے رپورٹ طلب کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے ورکرز کی حفاظت بہت ضروری ہے اور خیبرپختونخوا حکومت کو اس ضمن میں مزید اقدامات کرنے چاہئیں

مزیدخبریں