اسلام آباد : صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے 16 دسمبر 2014 کو پشاور کے آرمی پبلک سکول پر ہونے والے دہشت گردی کے سانحے کے شہداء کو ان کی دسویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردوں نے 16 دسمبر 2014 کو ہمارے معصوم بچوں اور قوم کے مستقبل پر حملہ کیا اور بے دردی سے بچوں اور اساتذہ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ انسانیت سوز تھا اور دہشت گردوں کا مقصد ملک میں فساد اور انتشار پھیلانا تھا، مگر پاکستانی قوم کبھی بھی دہشت گردوں کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم کبھی بھی اس سانحے کو نہیں بھولیں گے اور نہ ہی معاف کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا ملک دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے اور ہم بچوں و اساتذہ کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے قوم سے ایک پرامن اور محفوظ پاکستان کے قیام کا عہد بھی کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 16 دسمبر کو بدترین دشمن نے معصوم بچوں اور اساتذہ کو بے رحمی سے شہید کیا، لیکن یہ دن ہمارے عزم کا مظہر بن چکا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء اے پی ایس نے اپنے خون سے پرامن پاکستان کی بنیاد رکھی اور ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ ان دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو بے دردی سے شہید کیا، لیکن ان کی قربانیاں آج بھی پاکستانی قوم کے لیے مشعل راہ ہیں اور ہم ان کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔