افریقہ میں سمندری طوفان چیڈو کی تباہی، مایوٹے جزیرے پرہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ

10:34 AM, 16 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

پیرس : براعظم افریقہ میں بحر ہند میں مایوٹے جزیرے کو سمندری طوفان چیڈو نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس نے صدی کے بدترین طوفان کے طور پر تباہی مچادی۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، فرانس کے حکام نے خوفناک سیلاب کی وجہ سے ہزاروں اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

طوفان سے موزمبیق کے ساحلی شہر میں سڑکیں زیر آب آگئیں اور بجلی کے کھمبے گر گئے، جب کہ طوفان کا رخ اب زمبابوے اور ملاوی کی طرف ہوگیا ہے، جس سے ان علاقوں میں مزید تباہی کی توقع کی جا رہی ہے۔ فرانسیسی حکام نے خبردار کیا ہے کہ سائیکلون چیڈو کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ اس سے سینکڑوں یا ہزاروں افراد کی ہلاکت ہو سکتی ہے۔ طوفان نے میوٹے جزیرے کو 124 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے متاثر کیا، جس کے نتیجے میں کچے مکانات، سرکاری عمارتیں اور ایک ہسپتال شدید نقصان کا شکار ہوئے۔ یہ طوفان 90 سال میں جزیرے سے ٹکرانے والا سب سے طاقتور طوفان تھا۔

مایوٹے کے دارالحکومت کے رہائشی محمد اسماعیل نے اس تباہی کو ایک "المیہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی ایٹمی جنگ کے نتیجے کی طرح لگ رہا ہے جس نے پورے علاقے کو تباہ کردیا ہے۔ فرانسیسی حکومت کے مطابق، مایوٹے جزیرے پر ایک لاکھ سے زائد تارکین وطن بغیر مناسب دستاویزات کے رہائش پذیر ہیں، جس کی وجہ سے یہ جاننا مشکل ہے کہ طوفان میں کتنے افراد ہلاک ہوئے۔ حکام متاثرین کو خوراک، پانی اور صفائی کے انتظامات فراہم کرنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں