نیتن یاہو نے امریکہ کے نومنتخب صدر ٹرمپ کو شام میں اسرائیلی کارروائیوں کی وجہ بتادی

نیتن یاہو نے امریکہ کے نومنتخب صدر ٹرمپ کو شام میں اسرائیلی کارروائیوں کی وجہ بتادی

تل ابیب  : اسرائیلی وزیراعظم  نیتن یاہو نے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بتایا ہے کہ اسرائیل کو شام کے تنازعے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، تاہم اسرائیل کی فوجی کارروائیاں اپنے دفاع اور سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔ نیتن یاہو نے یہ بات امریکہ کے نومنتخب صدر ٹرمپ سے اپنے ٹیلی فونک رابطے کے دوران کہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے شام میں تازہ صورتحال اور غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی پر بھی گفتگو کی۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی کارروائیاں شام میں اپنے دفاعی مفادات کے تحفظ کے لیے ہیں، تاکہ اسرائیل کے قریب سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے قائم نہ ہو سکیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نے واضح کیا کہ اسرائیل کا مقصد شام میں براہِ راست مداخلت نہیں ہے، بلکہ ان کی فوجی کارروائیاں اسرائیل کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

اسرائیل کی حالیہ کارروائیوں میں گزشتہ روز شام کے فوجی ٹھکانوں پر 60 سے زائد حملے کیے گئے، جن میں 61 میزائل داغے گئے۔ شامی مبصرین نے ان حملوں کو اسرائیل کی طرف سے ایک بڑی فوجی کارروائی قرار دیا ہے۔اسرائیلی حکومت کی جانب سے یہ وضاحت دی گئی ہے کہ اسرائیل کی فوجی کارروائیاں صرف اپنے دفاع اور سرحدی سلامتی کے لیے ہیں، اور اس کا شام کے تنازعے سے براہ راست تعلق نہیں ہے۔

مصنف کے بارے میں