خان یونس اور رفح پر اسرئیلی فوج کا حملہ، میڈیا ورکر، سول ڈیفنس اہلکاروں سمیت کئی فلسطینی شہید

خان یونس اور رفح پر اسرئیلی فوج کا حملہ، میڈیا ورکر، سول ڈیفنس اہلکاروں سمیت کئی فلسطینی شہید

غزہ:  اسرائیلی فوج کا غزہ میں بربریت و بمباری کا سلسلہ جاری ہے، خان یونس میں اسرائیلی افواج کے حملوں میں سول ڈیفنس کے تین اہلکاروں،الجزیرہ  ٹی وی کے ایک کیمرہ مین  اور بچوں سمیت 4فلسطینی شہید ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی مقبوضہ فورسز نے  رفح میں اقوام متحدہ کے اسکول  پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے الجزیرہ ٹی وی کے کیمرہ مین سامر ابو داقہ شہید ، سول ڈیفنس کے تین اہلکاروں اور بچوں سمیت کئی فلسطینی بھی شہید ہو گئے۔ 

سامر ابو داقہ  7 اکتوبر سے شہید ہونے والے 57ویں فلسطینی صحافی اور میڈیا ورکر ہیں۔ الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ وہ ابوداقہ کے قتل کے لیے اسرائیل کو "جوابدہ" قرار دیتا ہے، اور عالمی برادری اور آئی سی سی سے کارروائی کرنے کی اپیل کرتا ہے۔

اسی حملے میں الجزیرہ ٹی وی کے سینیر صحا فی وائل الدحدوح بھی زخمی ہو گئے، ہسپتال کے بیڈ سے زخمی حالت میں وائل نے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا کہ  اسرائیلی فورسز کی طرف سے رسائی کی اجازت ملنے کے بعد، شہری دفاع کی ٹیموں اور الجزیرہ کے عملے کو دھوکہ دیا گیا اور حملہ کیا گیاجس کے نتیجے میں ان کے کیمرہ میں نے جام شہادت نوش کیا۔ 

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہی وائل کی بیوی اور بچوں سمیت ان کے خاندان کے کئی افراد شہید ہوئے تھے  جس کی رپورٹ انہوں نے خود براہ راست ٹی وی پر دی تھی۔  

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی کے جنوبی کنارے پر رفح کے علاقے میں اسرائیلی طیاروں نے ایک ڈاکٹر کے گھر کو نشانہ بنایا جس نے کئی بے گھر فلسطینیوں کو پناہ دی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 18 ہزار 787فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 40 فیصد سے زائد شہادتوں کی تعداد  بچوں کی ہے۔ 

مصنف کے بارے میں