راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے گفتگو میں خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری مسائل پر روشنی ڈالی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کشمیر کا دیرینہ تنازع حل ہونے تک جنوبی ایشیاء میں امن نہیں آ سکتا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی یک طرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ یک طرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوشش سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کا بھی اعادہ کیا۔