اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے مساجد میں پرائمری تک روایتی تعلیم دینے اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی تجویز پیش کر دی۔
وزارت مذہبی امور انیق احمد کے مطابق ملک بھر میں ڈیڑھ کروڑ سے زائد بچے اسکول نہیں جاتے اور ملک بھر میں ڈھائی لاکھ سے زائد مساجد ہیں جو فجر تا ظہر خالی رہتی ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے کہا کہ مساجد کو روایتی تعلیم دینے کے لیے آئمہ کرام سے مشاورت شروع کردی ہے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا ہے کہ مساجد میں صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بھی مشاورت کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مسجد میں ہفتے میں ایک دن لیڈی ڈاکٹر کی خدمات فراہم کرنے کی بھی تجویز دی ہے۔
انیق احمد نے کہا کہ مساجد میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے لیے صوبائی حکومتوں سے مشاورت جاری ہے، مختلف ممالک میں مساجد صدیوں سے تعلیم اور صحت کی خدمات کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔
وفاقی وزیر مذہبی امورانیق احمد کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی مساجد میں تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے حق میں ہیں۔