یہ وقت اسمبلیاں توڑنے کیلئے مناسب نہیں، ن لیگ نے بہت مارنا ہے مونس الٰہی نے عمران خان کو پیغام دیدیا

05:28 PM, 16 Dec, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: رہنما ق لیگ مونس الٰہی کی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات، وزیراعلیٰ پنجاب کا پیغام دیدیا ۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق مونس الٰہی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات میں بتایا کہ پرویز الٰہی سمجھتے ہیں کہ یہ وقت اسمبلیاں توڑنے کیلئے مناسب نہیں ہے ۔ مونس الٰہی نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آپ جب کہیں گے اسمبلی توڑ دیں گے لیکن ق لیگ کا مؤقف ہے کہ حلقوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں، ارکان کی اکثریت بھی یہ ہی چاہتی ہے کہ کچھ عرصے بعد اسمبلیاں تحلیل کی جائیں۔

مونس الٰہی کی جانب سے پرویز الٰہی کا پیغام عمران خان کو پہنچایا گیا ہے کہ اختیار آپ کو سونپ دیا ہے، حتمی فیصلہ آپ کریں گے۔ مونس الٰہی نے عمران خان سے کہا کہ اسمبلیاں جلد توڑنے سے پی ڈی ایم کی جانب سے انتقامی کارروائیاں ہو سکتی ہیں۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے آئندہ عام انتخابات میں ساتھ چلنے پر بھی بات چیت کی ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق اپنی الگ شناخت برقرار رکھتے ہوئے انتخابی سیاست میں پی ٹی آئی کے ساتھ چلنا چاہتی ہے، مسلم لیگ ق انتخابی سیٹ ایڈجسٹمنٹ چاہتی ہے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے ساتھ چلنے کی خواہشمند ہیں۔

مزیدخبریں