کراچی: محمد رضوان اور بابر اعظم کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے دی ہے۔ پاکستان نے سیریز تین صفر سے جیت لی ہے۔
کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اور پاکستان کو فتح کے لیے 208 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز برینڈن کنگ اور شمراہ بروکس نے ٹیم کو 66رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔
کنگ نے جارحانہ انداز اپنایا اور 21 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے لیکن نصف سنچری سے قبل ہی محمد وسیم نے ان کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلا دی۔
دوسرے اینڈ پر موجود بروکس نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49رنز کی اننگز کھیلی لیکن شاہنواز دھانی نے ان کو چلتا کردیا۔
اس کے بعد نکولس پوران کا ساتھ دینے ڈیرن براوو آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 50رنز سے زائد کی شراکت قائم کی۔
نکوپلس پوران نے 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور براوو کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 93رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن وسیم نے ایک اور وکٹ لیتے ہوئے انہیں بھی چلتا کردیا۔
پاکستانی اوپنرز محمد رضوان اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 158 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 53 گیندوں پر 79 اور محمد رضوان نے 45 گیندوں پر 87 رنز بنائے۔
اس سے قبل پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی تھییں اور شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو آرام کراتے ہوئے ان کی جگہ محمد حسنین اور شاہنواز دھانی کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا ہے۔