کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ سنچری شراکتوں کا نیا ریکارڈ بنادیا۔
بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے میچ میں چھٹی سنچری رنز کی شراکت داری بنی۔جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 100 رنز کی شراکت داری کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
بابر اور رضوان نے یہ کارنامہ 27 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اننگز میں انجام دیا۔ اس سے قبل بھارت کے روہت شرما اور کے ایل راہول نے 5 سنچری شراکتیں بنائی تھیں۔
اس کے علاوہ 29 سالہ رضوان کلینڈر ایئر میں 2 ہزار رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ اعزاز ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نصف سنچری اسکور کر کے حاصل کیا۔ ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر و موجودہ کمنٹیٹر ائین بشپ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر محمد رضوان کو مبارک باد پیش کی ہے۔