لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے دھواں چھوڑنے پرچالان کی رقوم جمع نہ کرانے والے بھٹے فوری بند کرنے کا حکم دے دیا۔واسا کے وکیل نے باربی کیو اور مچھلی کی دکانیں سردی میں بند کرنے کی تجویز دیدی۔ عدالت کا کہنا ہے مارکیٹس کے اوقات کار کم کیے جائیں ۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ اور آلودگی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی ۔عدالت نے سموگ کی روک تھام کےلئے لاہور، میں ٹریفک انتظامات کومزید بہتر بنانے کا حکم دیا۔ کینال روڈ اور جیل روڈ پر ٹریفک انتظامات بھی بہتر کیے جائیں۔
سی ٹی او نے عدالت کو بتایا کہ 320 بیریئرز شہر کے مختلف مقامات پرنصب کرکے ون وے کی خلاف ورزیاں روکی جارہی ہیں۔
عدالت نے بھٹہ چوک کی ری ماڈلنگ کےلئے محکمہ کمیونیکیشن اینڈ ورکس سے جواب طلب کرلیا۔ درخواست گزار اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ لاہور میں بلندوبالا عمارتوں میں پارکنگ نہیں رکھی جارہی جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ پارکنگ کی جگہ نہ رکھنے والے پلازوں کی پالیسی پرنظرثانی کی ضرورت ہے۔ فول پروف پالیسی کےبغیر بلند و بالا عمارتوں کی تعمیرات کی اجازت دینابہت بڑی زیادتی ہے۔
واسا کے وکیل میاں عرفان اکرم نے کہا کہ مچھلی فروش اور باربی کیو کی دکانیں رات گئے تک کھلی رہتی ہیں۔ باربی کیو کی دکانیں دھواں چھوڑنے اورسموگ کاباعث بن رہی ہیں۔رات گئے تک مارکیٹس کھلی رہنے سے سموگ میں اضافہ ہورہا ہے۔
اس پر عدالت نے کہا کہ پوری دنیا میں مارکیٹس چھ بجے بند ہوجاتی ہیں۔ یہاں پربازار جلد کیوں نہیں کھل سکتے۔ دنیا بھر میں تو شام چھ بجے فلائٹس بھی بند کردی جاتی ہیں۔ بازاروں کےاوقات کار کو کم ہونا چاہیے۔