مطالبات منظور، مولانا ہدایت الرحمن کا گوادر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان

05:39 PM, 16 Dec, 2021

گوادر :جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکریٹری جنرل اور گوادر کو حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمٰن نے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے مطالبات منظور کیے جانے کے بعد پچھلے ایک ماہ سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

نیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق مولانا ہدایت الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج کامیاب رہا ۔ ہم نے حکومت سے اپنے مطالبات منوا کر ان پر عملدرآمد کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔

مولانا ہدایت الرحمٰن نے بتایا کہ ’حکومت نے ہمارے بیشتر مطالبات تسلیم کر لیے ہیں اور ان میں سے کئی پر پیش رفت بھی شروع ہوگئی ہے، حکومت نے ہمارے ساتھ مطالبات پر عمل درآمد سے متعلق باقاعدہ طور پر تحریری معاہدہ کیا ہے اس لیے ہم نے 15 نومبر سے گوادر کے پورٹ روڈ پر جاری دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ساحل کے قریبی علاقوں میں غیر قانونی ماہی گیری کا ہے، ایک پوری مافیا ٹرالرز کے ذریعے مچھلیوں کا بڑے پیمانے پر غیر قانونی شکار کر رہے ہیں جس کے باعث مقامی ماہی گیر بے روزگار ہورہے ہیں۔

مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ ’حکومت نے اس مطالبے کے حل کے لیے بلوچستان کے ساحل سے 30 ناٹیکل میل کی حدود میں ٹرالرنگ یعنی بڑی کشتیوں اور ممنوع جالوں کے ذریعے مچھلی کے شکار پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کرنے کا وعدہ کیا ہے، اس سلسلے میں بلوچستان سی فشریز ایکٹ میں ترامیم کی جائیں گی، پہلے یہ پابندی صرف 12 ناٹیکل میل کی حدود تک تھی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت مچھلی کے غیر قانونی شکار کو روکنے کے لیے مشترکہ پیٹرولنگ ٹیمیں بنائے گی جن میں ماہی گیروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی کابینہ کے اراکین دھرنا گاہ پہنچے جہاں مولانا ہدایت الرحمٰن کو مطالبات کی منظوری سے متعلق بتایا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ماہی گیری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اس سے متعلق محکمہ ماہی گیری اور کمنشر مکران کو ہدایت کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام جائز مطالبات ہیں، ان تمام لوگوں کو ترقی دینا اور ان بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیح میں شامل ہیں، گروک روڈ پر کام جلد شروع کیا جائے گا، پسنی-تربت روڈ کے لیے جلد ٹینڈر طلب کیا جائے گا۔

جس کے بعد مولانا ہدایت الرحمٰن نے گوادر میں 31 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

مزیدخبریں