لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب حکومت کو 20 دسمبر سے سکول بند کرنے پر غور کرنے کا حکم 

01:55 PM, 16 Dec, 2021

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو 20 دسمبر سے سکول بند کرنے پر غور کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نے کوئی فیصلہ نہ کیا تو پھر عدالت فیصلہ سنائے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کی روک تھام کیلئے اقدامات نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے سموگ کی شدت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب کو مارکیٹس جلد بند کرنے پر غور کرنے کا حکم دیا۔ 
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب حکومت 20 دسمبر سے سکول بند کرنے پر غور کرے اور اگر پنجاب حکومت نے فیصلہ نہ کیا تو عدالت فیصلہ کرے گی۔ عدالت نے باربی کیو کی دکانیں جلد بند کرنے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ فوراً دکانیں بند نہیں کی جاسکتیں، کوئی دوسرا حل تلاش کرنا چاہئے۔ 
دوران سماعت ڈائریکٹر پی ڈی ایم نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ سردی کی شدت میں اضافے سے گرل مچھلی اور باربی کیو کی فروخت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث دھویں کا اخراج بھی بڑھ گیا ہے اور سموگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، لہٰذا دکانیں اور مارکیٹس جلد بند کرنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پوری دنیا میں مارکیٹس 6 بجے بند ہو جاتی ہیں، اس پر غور کرنا چاہئے اور بازاروں کے اوقات کار کو کم ہونا چاہئے، عدالت نے کیس کی سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔ 

مزیدخبریں