لاہور: آلودہ ترین شہروں میں باغوں کے شہر کا آج دوسرا نمبر ہے جبکہ دہلی پہلے اور کولکتہ تیسرے نمبر پر قرارپایا ہے ۔محکمہ صحت نے صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھارتی شہر دہلی پہلے نمبر پر ہے پرٹیکو لیٹ میٹرز کے تحت دہلی میں 213 لاہور میں 204ریکارڈ کئے گئے جبکہ بھارتی شہر کولکتہ تیسرے نمبر پر ہے ۔
ائرکوالٹی انڈیکس کے مطابق بنگلادیش کا دارالحکومت ڈھاکہ 186 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے ۔
پاکستان میں آلودہ شہروں کی فہرست میں فیصل آباد پہلے نمبر پر ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق پرٹیکیولیٹ میٹرز کی مقدار 460 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ بہاول پور 451 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے، گوجرانوالہ 271 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ تیسرے، مریدکے 211 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ چوتھے اور لاہور پانچویں نمبر پر ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس کا یہ بھی کہنا ہے کہ 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہے، جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کیا گیا ہے ۔
یاد رہے کہ موجود ہ صورتحال کو ڈاکٹروں اور ماہرین صحت نے خطرناک قرار دیتے ہوئے شہریوں کو حفاظتی اقدامات کے تحت سفر کرنے کی تجویز دی ہے ۔