کراچی: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ آج کھیلا جائے گا.
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی 20 سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطاق شام چھ بجے شروع ہو گا۔
خیال رہے کہ قومی ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں پہلے ہی دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے اور تین سال بعد دوبارہ کلین سوئپ پر نظریں جما لی ہیں۔
آج کے میچ کیلئےقومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کیمپ میں ایک بار پھر کورونا وائرس نے حملہ کیا ہے اور مزید کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں جن کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے،ویسٹ انڈین بورڈ کے مطابق کورونا کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں شائی ہوپ، اکیل حسین اور آل راؤنڈر جسٹن گریوز شامل ہیں جو کہ تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے دستیاب نہیں ہونگے۔ جبکہ ان کے علاوہ 2 آفیشلز جن میں اسسٹنٹ کوچ روڈی ایسٹ اور ٹیم ڈاکٹر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ ویسٹ انڈین بورڈ کا کہنا ہے کہ میچ سے قبل مزید افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے کے حوالے سے اعلان کیا جا سکتا ہے ، مزید کہا کہ ٹیم شیڈول کے مطابق دورہ پاکستان جاری رکھے گی۔
خیال رہے کہ تین کھلاڑی اور ایک نان کوچنگ ممبر پہلے ہی 10 روزہ قرنطینہ میں ہیں۔