لاہور :پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس جب بھی آتا ہے تو کلیجے پر چھریاں چلتی ہیں ۔ آج قوم بھوک اور بیروزگاری کا شکار ہے ، عمران خان کو حساب دینا ہوگا ۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں شہید ہونے والے بچے ہمارے ماتھے کا جھومر اور قوم کا فخر تھے ۔ ان کی جب بھی یاد آتی ہے تو کلیجہ منہ کو آتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھی بچوں والے ہیں اور وہ بھی ہمارے بچے تھے جب بھی ان کی یاد آتی ہے تو دل غم میں ڈوب جاتا ہے ۔ قوم کو دہشتگردی کے خلاف متحد ہونا پڑے گا ۔
رہنما ن لیگ حمزہ شہباز نےحکومت پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خا ن کو قوم کے سامنے حساب دینا ہوگا ۔ جب تک
عمرا ن خان قوم کو حساب نہیں دیتا سیاسی جماعتیں خاموش نہیں رہیں گی ۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا ۔ عمران خان کے دور میں تو ایک کلو میٹر سڑک نہیں بن سکی جو بنی تھیں وہ بھی ٹوٹ گئی ہیں لیکن ہم نے موٹر وے بنائے ہیں ۔عمران نیازی نے اس ملک کو اجاڑ دیا ہے، یہ کھلاڑی نہیں کھلواڑ کرنے والا جھوٹا اور مکارشخص ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں روز عام آدمی سے مل کر اس کے غم بے بسی بھوک اور دکھ کو دیکھتا ہوں محسوس کرتا ہوں ۔ عمران ںیازی آج عوام کی آنکھوں میں خون اترا ہوا ہے ۔ آج قوم کے بچے بھوکے ہیں مریضوں کے پاس دوائی نہیں ہے ۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ان کے وزیر نے کہا کہ گیس صبح دوپہر آئے گی لیکن اب کہتے ہیں کہ گیس نہیں ہے ۔جب تک عمران خان کی قوم کے سامنے پیشی نہیں ہوگی سیاسی جماعتیں آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔