لاہور : محکمہ سوئی گیس نے گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کے لئے کیپٹیو پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی روک دی ہے ، ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصلہ منظور شدہ لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے تحت کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی گیس ( ایس این جی پی ایل ) نے سردی میں اضافے کی وجہ سے گھریلوصارفین کی طلب کو پورا کرنے کے لئے کیپٹیو پاور سیکٹر کو گیس کی فراہمی روک دی ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سردی بڑھتے ہی گھریلو شعبے کی گیس کی طلب میں کئی گنااضافہ ہواہے ۔ جس کے تحت منظور شدہ لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے مطابق کیپٹیو سیکٹر کو گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے ۔
ترجمان ایس این جی پی ایل کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین سے گیس صرف کھانا پکانے کیلیے استعمال کرنے کی درخواست کی جاتی ہے- ترجمان کا کہنا تھا کہ صارفین بجلی کا ہیٹر اور گیزر استعمال کرنے کے لئے بجلی استعمال کریں ۔
ترجمان سوئی گیس نے گھریلو صارفین کو کمپریسر کے استعمال سے منع کیا اور کہا کہ کمپریسر کے استعمال سے دوسرے صارفین کی حق تلفی ہوتی ہے لہذا صارفین کمپریسر کے استعمال سے اجتناب کریں۔
واضح رہے کہ ایس این جی پی ایل کی طرف سے کیپٹو پاور سیکٹر کوبدھ رات ساڑھے 9 بجے سے گیس فراہمی معطل کردی گئی ہے ۔