ٹیم مینجمنٹ شاداب خان کی فٹنس سے مطمئن، قومی ٹیم کی کپتانی کرینگے: ذرائع

10:35 AM, 16 Dec, 2020

کرائسٹ چرچ: ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور ٹیم مینجمنٹ نوجوان کھلاڑی شاداب خان کی فٹنس سے مطمئن ہے، اس لئے وہی قومی ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے۔

ذرائع کے مطابق شاداب خان نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے گئی پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لیا۔ انہوں نے نیٹ پریکٹس کے دوران باؤلنگ اور بیٹنگ بھی کی۔ شاداب خان کو ٹانگ میں کھچاؤ کی شکایت تھی جو اب مکمل طور پر دور ہو چکی ہے، اس لئے وہ اب بابراعظم کی غیر موجودگی میں کپتانی کریں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ جمعے کو کھیلا جائے گا۔

شاداب خان کے کیریئر پر بات کی جائے تو 4 اکتوبر 1998ء کو میانوالی میں پیدا ہونے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر کو موجودہ ٹیم میں ریڑھ کی ہڈی تصور کیا جاتا ہے۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے اپنی کرکٹ کا آغاز کرنے والے شاداب خان نے اپنی کارکردگی کی بدولت بہت جلد ہی قومی ٹیم میں جگہ بنا لی تھی۔ انھیں باؤلنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کے تینوں شعبوں میں مہارت حاصل ہے۔

شاداب خان نے قومی ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے 26 مارچ 2017ء کو برج ٹاؤن میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کیخلاف اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ یہ قومی کھلاڑی اب تک 43 ٹی ٹونٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکا ہے۔

انہوں نے اب تک 16 اننگز کھیل کر 13.7 کی ایوریج سے 137 رنز بنائے ہیں۔ ان کی باؤلنگ کا موازنہ کیا جائے تو شاداب خان 53 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ ایک میچ 14 رنز دے چار وکٹیں حاصل کرنا ان کا ابھی تک سب سے بڑا کارنامہ ہے۔

شاداب خان بنیادی طور پر لیگ بریک باؤلر ہیں جو دائیں ہاتھ سے گیند بازی کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے قومی ٹیم میں شامل ہو کر اپنی بلے بازی پر بھی خصوصی توجہ دی، اس لئے ان کا شمار پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے۔

مزیدخبریں