کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں شہری نے خاتون کو ہراساں کیا جو اسے مہنگا پڑ گیا، پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ڈیفنس کے علاقے اتحاد کمرشل میں خاتون شاہراہ سے پیدل گزر رہی تھیں تو اسی دوران کار سوار ان کے پاس آیا اور اپنی گاڑی میں بیٹھنے کی پیش کش کرتے ہوئے مبینہ طور پر ہراساں کیا۔خاتون نےاسی دوران گاڑی کی ویڈیو بنائی ساتھ ہی گاڑی نمبر کو بھی واضح کیا تاکہ ملزم کی شناخت ہوسکے۔
متاثرہ خاتون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو شیئر کی اور صارفین سے تمام واقعے سے آگاہ کیا اور گاڑی کا نمبر لکھ کر مدد طلب کی۔متاثرہ خاتون اس واقعے کے بعد درخشاں تھانے گئیں اور انہوں نے رپورٹ درج کرائی،تھانہ کلفٹن نے 6 گھنٹے کے اندر مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا۔
جب سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساﺅتھ سے رپورٹ طلب کی اور فوری ایکشن کے احکامات دیئے۔اے ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ شخص کی شناخت نبیل موسی کے نام سے ہوئی جس سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
پولیس آفیسر نے ملزم کی گرفتاری سے متعلق خاتون کو آگاہ کیا جس کے بعد انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مسرت کا اظہار کیا اور ملزم کی تصاویر بھی شیئر کیں۔