کولمبو:ایمرجنگ ایشیا کرکٹ کپ کے فائنل میں سری لنکانے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 رنز سے شکست دیکر ٹائٹل پر قبضہ جمالیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا میں مشترکہ طور پر کھیلے گئے انڈر 23 ایمرجنگ ایشیا کپ کا فائنل سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے کانٹے کے مقابلے میں پاکستان کے روایتی حریف بھارت کو شکست سے دوچار کیا۔
فاتح ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹ کے نقصان پر 270 رنز بنائے ،کمینڈو مینڈس 61 اور بویا گوڈا 54 رنز بناکر نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ بھارت کی جانب سے انکت راجپوت نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ACC Emerging Teams Asia Cup 2018 - CHAMPIONS!#EmergingAsiacup pic.twitter.com/qBtpsRxtcB
— Sri Lanka Cricket (@OfficialSLC) December 15, 2018
271 رنز ہدف کے تعاقب میں بھارتی ایمرجنگ ٹیم 9 وکٹ پر 267 رنز ہی بناسکی اور اس طرح میزبان ٹیم نے 3 رنز سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا،جیانت یادیو کی 71 رنز کی اننگز میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکی ۔
سری لنکا کی جانب سے گونارتنے نے 3 جبکہ امبولڈینیا اور جیا سوریا نے 2 ،2 بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔کمینڈو مینڈس کو میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔