کراچی:نیوزی لینڈ کے ہاتھوں متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز میں شکست کھانے کے بعد سرفراز احمد کی کپتانی پر خطرے کی تلوار تو لٹک ہی رہی ہے مگر اب اس میں اضافہ سابق کھلاڑیوں کی جانب سے ملنے والے مشورے کے باعث ہوگیا ہے۔کیونکہ سابق ٹی 20 کپتان شاہد خان آفریدی نے سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا مشورہ ہی دے ڈالا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفرید ی نے کہا کہ سرفراز احمد کو ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم طرز کی کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے اور ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دینا چاہیے۔
اپنی جارحانہ بلے باز ی کی وجہ سے شائقین کرکٹ کے دلوں میں زندہ رہنے والے شاہد آفرید ی نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ قریب ہے، سرفراز احمد ذہنی طور پر پہلے سے تیار رہیں، میں پہلے تینوں فارمیٹس میں سرفراز احمد کی کپتانی کی حمایت میں تھا تاہم اب سرفراز کو چاہیے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کو چھوڑ کر تمام تر توجہ ون ڈے اور ٹی 20 پر مرکوز کرلیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل محسن حسن خان اور ایشین بریڈ مین ظہیر عباس نے بھی سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کامشورہ دیا تھا۔