کابل میں حزب اسلامی افغانستان کے بعض مخالفوں اور نقادوں نے احتجاج کرتے ہوئے اس جماعت کے رہنما گلبدین حکمت یار کی تصاویر کو نذر آتش کر دیا۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حزب اسلامی افغانستان کے رہنما کے مخالفین نے ایسی حالت میں کہ وہ اپنے ہاتھوں میں افغانستان کے قومی ہیرو احمد شاہ مسعود کی تصاویر اٹھائے تھے، گلبدین حکمتیار کی تصاویر کو نذر آتش کر دیا۔
جمعرات کے روز کابل ایرپورٹ پر حزب اسلامی افغانستان کے ایک کمانڈر " زرداد " کی موجودگی میں، جو حال ہی میں برطانیہ کی جیل سے رہا ہوا تھا، اس کے حامیوں نے افغانستان کے قومی ہیرو احمد شاہ مسعود کی تصاویر پر اس کی تصاویر نصب کردی تھیں۔
حزب اسلامی افغانستان کے کمانڈر زرداد کے حامیوں کے اس اقدام پر حزب جمعیت اسلامی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اورصوبے بلخ کے گورنر عطا محمد نور نے حزب اسلامی افغانستان کے اس کماںڈر کے حامیوں کے اس اقدام کی شدید مذمت کی۔
صوبے بلخ کے گورنر عطا محمد نور نے خبر دار کیا کہ افغانستان کے قومی ہیرو احمد شاہ مسعود، ان کے اور ان کی جماعت جمعیت اسلامی کی ریڈ لائن ہیں اور محمد اشرف غنی کی حکومت کو چاہئے کہ اس قسم کے واقعات کے ذمہ دار عناصر کی شناخت کرے۔
انھوں نے کہا کہ اس طرح کا واقعہ، افغانستان کے قومی ہیرو کے حامیوں کے اشتعال پر منتج ہو سکتا ہے جس سے بحران کو تقویت ملے گی اور یہ افغانستان میں امن و استحکام کے مفاد میں نہیں ہوگا۔