لاہور: اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ اوپنر سلمان بٹ نے دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر اپنی ٹیم واپڈا کو تاریخ میں پہلی بار قائد اعظم ٹرافی کا ٹائٹل جتوا دیا ہے۔
واپڈا کو کامیابی کیلئے444 رنز کا ہدف ملا، لیکن واپڈا کی ٹیم یہ بڑا جھٹکا سہہ گئی۔ سلمان بٹ نے فائنل کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنا کر حبیب بینک کی جیت کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا۔میچ بچانے کیلئے کوشاں واپڈا نے دوسری اننگز میں 3وکٹ پر 198رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے فائنل میں کئی نشیب وفراز آئے۔ لیکن وکٹ بیٹنگ ہوتی گئی۔ بیٹسمینوں کی جنت وکٹ پر آخری دن ایک وکٹ گری۔
دونوں اننگز میں سنچریاں بناکر سلمان بٹ نے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ جمعرات کو میچ کے پانچویں اور آخری دن سلمان بٹ نے ناقابل شکست اور فائٹنگ سنچری بناکر میچ کو ڈرا میں تبدیل کردیا۔واپڈا نے پہلی اننگز کی برتری کی بنیاد پر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ سلمان بٹ نے پہلی اننگز میں 125رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں انہوں نے337 گیندوں پر 105 رنز بنائے۔ وہ تمام دن ڈٹے رہے۔
444 رنز کا ہدف دینے والی حبیب بینک نے ابتدا میں دو وکٹ حاصل کرلئے تھے۔ پانچویں دن محمد سعد 90کے اسکور پر آئوٹ ہوگئے۔ سلمان بٹ نے عامر سجاد کے ساتھ حبیب بینک کی بولنگ کو کنٹرول کیا۔ دونوں نے دوسری نئی گیند پر بھی چانس نہیں دیا۔سلمان بٹ کی اننگز میں 16چوکے شامل تھے۔ عامر سجاد نے25 رنز بنانے کے لئے141 گیندیں کھیلیں اور پانچ چوکے مارے۔ سلمان بٹ کی قیادت میں واپڈا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
سلمان بٹ کو فائنل کا مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فاتح ٹیم کو 25 رنرز اپ کو 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔ کے آر ایل کے محمد عباس نے 71 وکٹ لئے انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین بولر، 362رنز بنانے والے عمر صدیق کو بہترین بیٹسمین قرار دیا گیا۔