اسلام آباد: چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبےسی پیک کے آغاز سے آئندہ دو سال کے دوران 23لاکھ 20ہزار افراد کو روزگار ملے گا جس سے بے روزگاری کی شرح کو کم کرنے میں معاونت حاصل ہوگی۔
چیف اکانومسٹ پاکستان ڈاکٹر ندیم جاوید نے کہا ہے کہ سال 2017-18کے دوران بے روزگار افرادی قوت میں2.32 ملین کی کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جولائی2017 تک ملک میں توانائی کی طلب اور رسد میں موجود فرق ختم ہوجائے گا کیونکہ سی پیک بنیادی طور پر جنوبی ایشیا کے ممالک کے باہمی رابطوں کا پروگرام ہے جس کے تحت توانائی کے مسائل پر بھی قابو پایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سال 2018تک ملک میں بجلی کی پیداوار مقامی ضروریات سے بڑھنے کی توقع ہے۔ ڈاکٹر ندیم جاوید نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل سے نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ اس سے خطے کے دیگر ممالک کی تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا اور غربت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔