کرنسی نوٹ کے لباس پہننے والا جنوبی افریقا کا حکیم

جنوبی افریقا کے مقامی حکیم نے بے تحاشہ دولت کمانے کے بعد اب اسے ظاہر کرنا شروع کردیا اور وہ ہر وقت اصلی نوٹوں کا ہار پہنے رہتا ہے۔

05:13 PM, 16 Dec, 2016

نونگوما: جنوبی افریقا کے مقامی حکیم نے بے تحاشہ دولت کمانے کے بعد اب اسے ظاہر کرنا شروع کردیا اور وہ ہر وقت اصلی نوٹوں کا ہار پہنے رہتا ہے۔

حکمت کے پیشے سے وابستہ مائیک اندیلے نامی اس جنوبی افریقی شہری کو نوٹ پہننے کے بعد ’’دولت ٹپکانے والے جسم‘‘ کا نام دیا گیا ہے کیونکہ وہ باہرنکلتے وقت کرنسی نوٹ پہنے رہتا ہے۔

مائیکل کی دولت کمانے کی کہانی بھی عجیب ہے اس کا دعویٰ ہے کہ تین سال قبل اس نے اپنے بزرگوں کے خواب اور ان کی آوازوں پر عمل کرنا شروع کیا اور دولت کمائی۔ 33 سالہ مائیکل کے مطابق جب وہ صرف 12 سال کا تھا تو خواب میں اس کے بزرگ آتے رہے اور وہ اس کی رہنمائی کرتے کہ فلاں پودا یا درخت فلاں بیماری کا علاج ہے لیکن کم عمری میں مائیکل نے ان خوابوں پر کوئی توجہ نہیں دی۔

2011 کے آخر میں مائیکل کو دوبارہ خواب دکھائی دینا شروع کیے اور اس میں اس کے بزرگوں نے کہا کہ وہ فلاں جنگل میں جائے اور وہاں پودے اور جڑی بوٹیاں تلاش کرکے ان سے لوگوں کا علاج کرے جس کے بعد اس نے حکیم بننے کا فیصلہ کیا۔

مائیکل نے حکمت کے پیشے سے اس قدر دولت بنائی کہ اب اس نے 100 اور 200 افریقی کرنسی (رینڈ) کے نوٹ پہننا شروع کردیئے ہیں اور اب اس کے ہر لباس پر یہ نوٹ دکھائی دیتے ہیں۔ باہر جاتے ہوئے وہ کئی محافظ بھی ساتھ رکھتا ہے، وہ افریقا کی بڑی دعوتوں میں بھی اپنے لباس پر نوٹ ٹانک کرجاتا ہے، مائیکل ایک جنازے میں بھی نوٹوں کا لباس پہن کر شریک ہوا جس پر اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مزیدخبریں