برسبین ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے 429رنز کے جواب میں قومی ٹیم کے کھلاڑی خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جھڑ تے چلے گئے۔ٹیم کو اب صرف سرفراز کا سہارا رہ گیا ، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر گرین کیپس نے 8وکٹوں پر 97رنز بنالیے تمام دعوے دھرے کے دھرے ،کینگروز کیخلاف شاہینوں کی بدترین کارکردگی صرف 67رنز پر آٹھ مہرے کھسک گئے۔ پاکستانی ٹیم فالو آن کے قریب پہنچ گئی۔نہ اظہر نے کوئی کمال دکھایا،نہ ہی سمیع اسلم کا بلا چلا ،بابر اعظم ،یونس ،مصباح اور اسد شفیق ،پاکستانی بلے باز کریز پر ایسے آئے اور گئے جیسے بیٹنگ کرنے نہیں پچ کا معائنہ کرنےآئے تھے ۔
شاہینوں کی آخری چھ کھلاڑی ٹوٹل میں صرف 24رنز کا اضافہ ہی کرپائے، تیسری سے آٹھویں وکٹ کے درمیان قومی ٹیم کا یہ بدترین ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم کپتان اسمتھ اور ہینڈ کومب کی سنچریوں کی بدولت 429رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے میں کامیاب ہوپائی۔ قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور وہاب ریاض نے 4،4وکٹیں حاصل کیں ،یاسر شاہ صرف 2کھلاڑی ہی آؤ ٹ کر پائے ۔