190 ملین پاؤنڈز سے متعلق چیف جسٹس کے ریمارکس: عمران خان کی بہنوں کی طرف سے متفرق درخواست دائر

01:03 PM, 16 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

 اسلام آباد: مونال ریسٹورنٹ اور مارگلہ ہلز کیس میں چیف جسٹس کے 190 ملین پاؤنڈز کیس سے متعلق ریمارکس پر بانی پی ٹی آئی کی بہنوں عظمیٰ خان اور علیمہ خان نے سپریم کورٹ میں متفرق درخوست جمع کرا دی۔

درخواست علیمہ خان اور عظمٰی خان نے جمع کرائی، انہوں نے درخواست میں استدعا کی کہ 190 ملین پاؤنڈز سے متعلق ریمارکس واپس لیے جائیں اور  چیف جسٹس سے عمران خان سے متعلقہ مقدمات سے الگ ہونے کی استدعا کی۔

انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے خلاف مس کنڈکٹ پر جوڈیشل کونسل جانے کا حق رکھتے ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے 190 ملین پاؤنڈز سے متعلق ریمارکس کیس پر اثر انداز ہوں گے، مارگلہ ہلز کیس کا 190 ملین پاؤنڈز کیس سے کوئی تعلق نہیں لیکن ان کے ریمارکس کا کیس پر اثر پڑ سکتا ہے۔

 درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریمارکس سے چیف جسٹس کی بانی پی ٹی آئی کی خلاف جانبداری واضح ہوتی ہے، چیف جسٹس 190ملین پاؤنڈ کیس کے حوالے سے بھی اپنا ذہن واضح کر چکے ہیں، جج کو خوف خدا کا حامل اور زبان سے سچ بولنے والا ہونا چاہیے، جج کو اپنے اور عدالتی وقار کو مدنظر رکھنا چاہیے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے سپریم کورٹ میں مختلف مقدمات زیر التواء ہیں، بانی پی ٹی آئی استدعا کر چکے کہ چیف جسٹس انکے مقدمات سے خود کو الگ کریں۔ صحافی کے ٹویٹ سے معلوم ہوا کہ چیف جسٹس نے زیر التواء 190ملین پاؤنڈ کیس پر ریمارکس دیے، وائلڈ لائف کیس کا 190 ملین پائونڈ کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزیدخبریں