پیپلز پارٹی کا معیشت کی بری حالت پرتحفظات کا اظہار،حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

12:56 PM, 16 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے معیشت کی بری حالت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو کمزور معاشی پالیسیوں کے معاملے پر ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت پی پی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے بجلی کے زیادہ بلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ترقیاتی بجٹ میں کٹ لگانے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ اب دیکھنا ہوگا کہ ترقیاتی بجٹ پر کٹ لگا کر سبسڈی کہاں استعمال کی جا رہی ہے۔

بلاول بھٹونے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ملک کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دوسری طرف امریکہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے مہنگے اشتہارات لگائے جا رہے ہیں، پنجاب میں کون سا آئی ٹی انقلاب لایا جا رہا ہے جس کے اشتہارات نیویارک میں لگوائے جا رہے ہیں؟

پی پی ذرائع کا مزیدکہنا ہے کہ دوران اجلاس معاشی صورتحال سے متعلق پارٹی اجلاس منعقد کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے اور کہا گیا  ہےکہ پارٹی مشاورت سے آئندہ فیصلے کیے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے ارکان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی صنعت بیٹھ گئی ملک کیسے ترقی کرے گا۔

مزیدخبریں