اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقاتیوں کی فہرست تیار:26 افراد میں فیملی، پارٹی رہنمائوں، وکلا اور ڈاکٹر کا نام شامل 

05:25 PM, 16 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے 26 افراد کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔  اس فہرست میں فیملی، پارٹی رہنما، وکلا  اور ڈاکٹر کانام شامل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے اٹک جیل میں ملاقات کرنے والوں کی فہرست تیار کر لی۔


ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی نے عمران خان سے ملاقات کرنے والے 26 افراد کی فہرست تیار کی ہے جس میں گھر کے افراد اور پارٹی رہنماؤں کے علاوہ ان کے ڈاکٹر اور وکلا بھی شامل ہیں، ملاقاتیوں کی فہرست درخواست کے ساتھ سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو دی جائے گی۔


ذرائع کے مطابق ملاقات کے لیے اہلیہ بشریٰ بی بی اور بہنیں عظمیٰ خان اور علیمہ خان کے نام لسٹ میں شامل ہیں۔  پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد قیصر، شبلی فراز، علی امین گنڈاپور ، علی محمد خان، عمر ایوب اور رؤف حسن کا نام بھی ملاقاتیوں کی فہرست میں شامل ہے۔


ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اسد عمر سے ملاقات کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ملاقات کے لیے ڈاکٹر فیصل سلطان کا نام دیا گیا۔وکلا میں نعیم پنجوتھا، علی اعجاز بُٹر، گوہر علی، خواجہ حارث، سلمان صفدر اور شیر افضل مروت کے نام عمران خان سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔


خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں 5 اگست کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سز اسنائی گئی تھی اور اسی روز عمران خان کو زمان پارک سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی اور ٹرائل کورٹ کے جج کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔

مزیدخبریں