اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رضوانہ تشدد کیس کے بعد 13سالہ گھریلو ملازمہ عندلیب فاطمہ کو گھر میں رکھ کر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ بچی کی والدہ نے اپنی بیٹی کے ہمراہ تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کر ادیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر جی پندرہ میں مقیم میڈم ثمرہ نے اپنی گھریلو ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد مالکن پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ ملازمہ کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ ترنول میں درج کیا گیا۔
مقدمے میں کہا گیا کہ ملازمہ بچی کے چہرے اور سَر پر زخم تھے، مالکن نے بچی کو گرم چمچ سے جلایا۔ بیٹی سے ملنے گئی تو کمرے میں بند کر کے ویڈیو بنائی گئی۔
مقدمے میں خاتون نے الزام لگایا کہ مالکن نے اپنی مرضی کا بیان ریکارڈ کروایا۔
یاد رہےکہ گزشتہ دنوں سول جج کی اہلیہ سومیہ بی بی پر کمسن ملازمہ پر تشدد کا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد سول جج کی اہلیہ پر تشدد کا مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔