پاکستان کے نگراں وزیر اعظم، ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں: امریکا

11:16 AM, 16 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن: محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے عبوری وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کی ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہیں۔ پاکستان میں آزادانہ اور شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔

واشنگٹن میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے ویدانت پٹیل نے کہا کہ امریکہ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھے گا، جس میں پاکستان کے معاشی استحکام، خوشحالی اور سلامتی پر ہماری دلچسپی، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد اور جمہوریت   اور قانون کا احترام شامل ہے۔

حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ دہشت گردی کے انسداد اور علاقائی استحکام میں مشترکہ مفادات رکھتے ہیں اور عسکریت پسند اور دہشت گرد گروپوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹنے اور اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کی اپنی کوششوں کی بھی حمایت کرتے ہیں۔

مزیدخبریں