اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی سی اے ٹی) 2023، اب 10 ستمبر کو ہونے کے لیے شیڈول کر دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے یہ امتحان27 اگست کو ہونا تھا۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے 15 اگست کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ داخلہ ٹیسٹ اب 10 ستمبر کو ہو گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق داخلہ امتحان کا نصاب گزشتہ سال جیسا ہی رہے گا۔ MDCAT ملک بھر میں یکساں نصاب پالیسی کے تحت منعقد کیا جائے گا۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایم ڈی سی اے ٹی ٹیسٹ کی تاریخ میں 10 ستمبر تک توسیع کی جائے۔ وزیر اعظم آفس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ٹیسٹ پہلے اس ماہ (اگست) کی 27 تاریخ کو ہونا تھا۔
وزیراعظم نے طلبہ کی درخواست پر تاریخ میں توسیع کی، جنہوں نے تیاری کے لیے مزید وقت مانگا تھا۔
یاد رہے گزشتہ روز کئی غیر ملکی گریجویٹس نےاسلام آباد میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے باہر میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز (MDCAT) میں نیشنل رجسٹریشن ایگزام پالیسی اور MDCAT کے لیے طے شدہ تاریخ میں تبدیلی کے خلاف احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ فارن سٹوڈنٹس کیلئے پاسنگ پرسنٹیج الگ جبکہ پاکستان سے فارغ التحصیل کیلئے علیحدہ معیار کسی صورت قبول نہیں۔ دنیا کے کسی بھی ملک میں پاس ہونے کی شرح 70 فیصد نہیں ہے۔
انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ غیر ملکی گریجویٹس کے ساتھ اس حوالے سے مختلف سلوک کیوں کیا جا رہا ہے، جب کہ وہ پہلے ہی اپنے آبائی ممالک میں میڈیکل سکولوں میں داخلے کے لیے شرائط پوری کر چکے ہیں۔