تاشقند : ازبکستان میں وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ان کی فضائیہ نے افغان فوج کے ایک طیارے کو مار گرایا ہے جو سرحد پار کر آیا تھا۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارہ غیر قانونی طور پر ملک کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ انھیں یہ معلوم نہیں کہ اس پر کتنے لوگ سوار تھے اور آیا کوئی اس میں بچ پایا ہے۔
افغانستان کی سرحد پر واقع علاقے کے ایک ڈاکٹر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ اتوار کی شب دو مریضوں کو ان کے ہسپتال داخل کیا گیا جنھوں نے افغان فوج کا یونیفارم پہنا ہوا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے پیراشوٹ پہنا ہوا تھا اور وہ زخمی ہوا ہے۔
اتوار کو ازبکستان کے دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ 84 افغان فوجیوں کو سرحد پار کرنے پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔