صدارتی محل کے بعد طالبان افغان پارلیمنٹ میں بھی داخل ہو گئے

05:46 PM, 16 Aug, 2021

 کابل:صدارتی محل کے بعد طالبان افغان پارلیمنٹ کے اندر بھی داخل ہو گئے ،جہاں اب ممکنہ طور پر نئی اسلامی حکومت کے قوانین بنائے جائینگے ۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق کابل صوبے میں طالبان کے انٹیلی جنس چیف مولوی فتح اللہ مدنی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کابل صدارتی محل اور پارلیمنٹ کو فتح کرنے کے بعد کہا کہ کابل کے شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ، شہریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ  ان کی جان اور جائیداد دونوں محفوظ رہیں گے، انہوں نے مزید کہا طالبان کابل کے تمام حصوں میں موجود ہیں اور تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

واضح رہے اس وقت طالبان نے پورے افغانستان کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ،کابل شہر میں اس وقت افرا تفری سی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے ،افغان طالبان کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پر سکون رہیں ،کسی شہری کو کچھ نہیں کہا جائیگا بلکہ ہم ان کے جان و مال کی حفاظت کرنے کی بھی بھرپور کوشش کر رہے ہیں تاکہ کسی قسم کا کوئی خون خرابہ نہ ہو ۔

واضح رہے اس سے قبل  طالبان لیڈر ملا عبدالغنی برادر نے کہا تھا کہ ہمیں جو کامیابی حاصل ہوئی ہے اس کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا تھا، یہ صرف اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہوا، دنیا کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

ملا عبدالغنی برادر کی جانب سے یہ پیغام سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ہوا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ہر ممکن حد تک جائیں گے تاکہ افغانستان میں بسنے والے ہر فرد کی زندگیاں بہتر ہوں۔ ہمارا اصل امتحان تو اب شروع ہوا ہے۔

مزیدخبریں