اسلام آباد: مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ کابل پر توقع سے بہت پہلے ہی قبضہ ہو گیا۔ اس صورتحال میں دہلی میں مکمل سناٹا چھا چکا ہے۔ پاکستان کیخلاف کسی ملک کا بیان نہ دینا ہماری کامیابی ہے۔
ڈاکٹر معید یوسف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کی بدلتی صورتحال پر نظر ہے۔ کابل پر توقع سے بہت پہلے قبضہ ہو چکا ہے۔ ہم کابل میں پھنسے تمام ممالک کے شہریوں کو ویزہ سہولت دے رہے ہیں۔ کابل سے لوگوں کو نکالنے کے لیے پاکستان کام کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف پاکستان سے افغانستان مانیٹر کرنا چاہتے ہیں۔ ابھی قربانی کا بکرا ڈھونڈنے اور بنانے کا عمل جاری ہے۔ افغانستان میں ابھی صورتحال بہتر ہے، مہاجرین کا بحران نہیں آیا۔
مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ افغانستان میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کیلئے تگ ودو کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ میں کرائسز مینجمنٹ سیل 24 گھنٹے کام کر رہا ہے۔ پاکستان میں موجود سفارتخانے رابطہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روس اور چین کے سفارتخانے کابل میں کام کر رہے ہیں۔ پاکستان چاہتا ہے کہ افغان سرزمین پر قوانین کے نفاذ، انسانی حقوق پر مکمل عملدرآمد ہو۔