راولپنڈی: بین الصوبائی رابطہ کی وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان انشاء اللہ بہت جلد کھیلوں کے فروغ کے لیے کھیلوں کی قومی پالیسی کا اعلان کرینگے۔ پاکستان ہاکی کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام بھی بہت جلد حاصل کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڑی ہاکی اسٹیڈیم ایوب پارک راولپنڈی میں ماڑی پٹرولیم آزادی ہاکی کپ 2021ء کے فائنل میچ میں بطور مہان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام بہت جلد حاصل کرے، کھیلوں میں ہمیشہ یکجا ایک ساتھ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار یہ دھمکی دی جاتی ہے کہ یہ ہماری حدود ہے اگر مداخلت کی گئی تو عالمی سطح پر پابندی لگا دی جائیگی لیکن میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ ہر آزادی کے ساتھ ایک ذمہ داری آتی ہے اور اس ذمہ داری کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم عمران خان کی شکر گزار ہوں کہ وہ بہت جلد کھیلوں کے فروغ کے لیے قومی پالیسی کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔
قبل ازیں آزادی ہاکی کپ کا فائنل نیشنل بنک نے تین دو پلینٹی شوٹ آوٹ سے جیت لیا۔ نیشنل بینک اور واپڈ کے درمیان دو دو گول سے میچ برابر ہو گیا تھا۔ نیشنل بنک اور واپڈا کی ہاکی ٹیموں کے درمیان سنسی خیز مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا اور فیصلہ پلنٹی شوٹ پر ہوا جس میں نیشنل بینک نے پلنٹی شوٹ پر واپڈا کو شکست دیدی۔
وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے ماڑی ہاکی ٹورنامنٹ فائنل کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جیتنے والی نیشنل بنک کی ٹیم رنراپ ٹیم اور دیگر حصہ لینے والی ٹیموں کو مبارکباد پیش کی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے ہاکی کے کھلاڑیوں میں موٹر سائیکل کی چابیاں تقسیم کیں۔