پیپلز پارٹی نے وزارتِ عظمیٰ کیلئے شہباز شریف کو ووٹ نہ ڈالنے کا اصولی فیصلہ کر لیا

07:26 PM, 16 Aug, 2018

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے شہباز شریف کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی زیرصدارت پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے امیدوار کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی اور خورشید شاہ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت کے اجلاس میں وزیراعظم کے انتخابی عمل کا حصہ نہ بننے پر بھی مشاورت ہوئی۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی مشکلات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔اگر پاکستان پیپلز پارٹی وزیراعظم نامزدگی کیلئے شہباز شریف کو ووٹ نہیں ڈالیں تو انہیں اپوزیشن لیڈر کی سیٹ سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں اپنی جماعت کا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ن لیگ نے مختلف جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لیے نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور جے یو آئی ایف سے رابطہ کر لیا ہے۔خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن نے اس وقت شیری رحمان کو اپوزیشن  نامزد کیا تھا ۔

مزیدخبریں