محمد خان لغاری نے پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار ہونے کی تردید کر دی

محمد خان لغاری نے پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار ہونے کی تردید کر دی
کیپشن: بحیثیت رکن قومی اسمبلی حلف اٹھا چکا ہوں، محمد خان لغاری۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار محمد خان لغاری نے پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار ہونے کی تردید کر دی ہے۔ سردار محمد خان لغاری عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 192 ڈیرہ غازی خان 4 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 292 ڈی جی خان 8 سے کامیاب ہوئے تھے۔

سردار محمد خان لغاری کا کہنا ہے کہ وہ بحیثیت رکن قومی اسمبلی حلف اٹھا چکے ہیں اور وہ پنجاب اسمبلی کی جیتی ہوئی نشست سے مستعفی ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ سردار محمد خان لغاری پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

دوسری جانب پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی مشاورت جاری ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کل وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نام کا اعلان کریں گے۔

عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ پنجاب میں ایسا نوجوان وزیراعلیٰ لائیں گے جس پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہو۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ کا نام اب تک سامنے نہیں آ سکا ہے تاہم راجہ یاسر سمیت دیگر نام وزراتِ اعلیٰ کے لیے گردش کر رہے ہیں۔