پشاور: تحریک انصاف کی ایک اور کامیابی مل گئی۔ محمود خان نئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہو گئے۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران محمود خان نے 77 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدمقابل متحدہ اپوزیشن کے امیدوار میاں نثار گل نے 37 ووٹ حاصل کیے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کل گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جب کہ نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) دوست محمد خان نے وزیراعلیٰ ہاؤس بھی خالی کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی۔ پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کی گئی جس میں تحریک انصاف کے مشتاق غنی کامیاب قرار پائے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 124 کے ایوان میں 108 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے مشتاق غنی نے 81 جب کہ اپوزیشن کے لائق محمد نے 27 ووٹ حاصل کیے تھے۔
بعد ازاں نو منتخب اسپیکر مشتاق غنی کی سربراہی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے خفیہ رائے شماری کی گئی جس میں پی ٹی آئی کے محمود جان 78 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ اپوزیشن کے جمشید موممند نے 30 ووٹ حاصل کیے۔ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے کے بعد محمود جان نے بھی اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔