پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کرکٹ بورڈ کی طرف سے لیول ون کے کوچنگ کورس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے ۔ذرائع کے مطابق انہوں نے کوچنگ کورس سے معذرت عید اور پہلے سے طے شدہ شیڈول کی وجہ سے کی ہے ۔
کوچنگ اکیڈیمی کےاہم رکن نے انہیں کوچنگ کورس کی پیشکش کی تھی اور انہیں سرٹیفیکٹ بھی پیش کیا جانا تھا۔ ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کورس کرنے میں دلچسپی تو رکھتے تھے لیکن انہوں نے کہا کہ فضل محمود ٹورنامنٹ کا فائنل کھیل کر کراچی جانا ہے جہاں ان کی عید کے حوالے سے پہلے سے طے شدہ مصروفیات ہیں۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پاکستان کی جانب سے41 ٹیسٹ، 90 ون ڈے اور 48 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ سابق کپتان یونس خان بھی ابتدائی کورسز کرچکے ہیں۔ یونس خان گزشتہ دنوں کوچنگ کورس کے لیے قومی اکیڈمی آئے تھے اور کمرے کی تنازع کی وجہ سے انہوں نے کورس میں شرکت نہیں کی تھی اور لاہور سے کراچی واپس آگئے تھے۔