سابق بھارتی کرکٹ کپتان اجیت واڈیکر چل بسے

10:20 AM, 16 Aug, 2018

ممبئی: سابق بھارتی کرکٹ کپتان اجیت واڈیکر ممبئی کے اسپتال میں طویل علالت کے بعد 77 برس کی عمر میں چل بسے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اجیت واڈیکر کے انتقال کی خبر ملتے ہی بھارتی صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کرکٹ شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے سوشل میڈیا پر ان کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ا ور کہا کہ 1971 میں کیریبئن اور انگلینڈ میں انہوں نے بھارت کو نمایاں کامیابی دلائی۔

مودی نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اجیت واڈیکر کو ایک عظیم بلے باز اور زبردست کپتان قرار دے دیا۔انہوں نے لکھا کہ ‘اجیت واڈیکرنے ہماری ٹیم کی قیادت کی اور ہماری کرکٹ کی تاریخ میں چند یادگار فتوحات دلائیں۔

بھارتی وزیراعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ‘وہ کرکٹ کے ایک مؤثر منتظم بھی تھے۔

ممبئی میں یکم اپریل 1941 کو پیداہو نے والے واڈیکر نے اپنا پہلا فرسٹ کلاس میچ 1958 میں کھیلا تھا اور بین الاقوامی کرکٹ میں انہوں نے 1966 میں قدم رکھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی ان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

 

انکا شمار بہترین فیلڈروں میں ہوتا تھا۔ 1967 میں حکومت نے واڈیکر کو ارجن ایوارڈ اور 1972 میں پدم شری سے نوازا تھا۔

انہوں نے بحیثیت کپتان 1971 میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے دورے میں بھارت کو سیریز میں پہلی مرتبہ کامیابی دلائی تھی۔

انہوں نے 37 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 14 نصف سنچریوں اور ایک سنچری کی مدد سے 2 ہزار 113 رنز بنائے۔ انہوں نے 1974 میں انگلینڈ کے خلاف 2 ون ڈے میچ بھی کھیلے۔

 

مزیدخبریں