منیلا: فلپائن میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 32 منشیات فروشوں کو ہلاک اور 107 کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق فلپائن میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز پولیس کے خفیہ اہلکاروں نے دارالحکومت منیلا کے جنوب میں واقع صوبے بولا کان میں بھیس بدل کر منشیات حاصل کرنے کی کوشش کی اورجب ڈرگ ڈیلرز آئے تو سیکیورٹی فورسز نے انہیں گھیر لیا، ملزمان نے فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر فورسز اور منشیات فروشوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور 32 ڈرگ ڈیلرز مارے گئے۔
فلپائن کے صدر روڈ ریگو دوترتے نے جون 2016 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ان منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کا تہیہ کیا اور ان کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے اور اب تک منشیات کے خلاف کیے جانے والے سیکڑوں آپریشنز میں 3400 کے قریب اسمگلرز اور نشے کے عادی افراد کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔