پاکستان یواے ای کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،صدر ممنون حسین

پاکستان یواے ای کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،صدر ممنون حسین

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے،اس سلسلے میں شیخ زاید بن سلطان النہیان کے ورثے کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔صدر مملکت نے یہ بات متحدہ امارات کے سبکدوش ہونے والے سفیر عیسی عبداللہ الباشا النعیمی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اس خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا ہدف تھا لیکن اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے ۔جلد ہی اس فتنے کا مکمل خاتمہ کردیا جائے گا۔اس کے بعد ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کی رفتار تیز ہوجائے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاک امارات تعلقات امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کا شاندار ورثہ ہیں جس سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ شیخ زاید بن سلطان النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے ،مجھے خوشی ہے کہ ان کے جانشین شیخ راشد بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دونوں برادر ملکوں کے درمیان مزید قربت اور گرم جوشی پیدا کررہے ہیں۔

انھوں نے سبکدوش ہونے والے سفیر کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مزید گہرائی پیدا کرنے کے لیے شاندار خدمات انجام دیں،وہ توقع کرتے ہیں کہ ان کے جانشین بھی ان ہی خطوط پر کام کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ امارات کی قیادت تک ان کا خیر سگالی اور نیک تمناوں کا پیغام پہنچا دیں۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں شاندار تعاون ہورہا ہے جس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے تاکہ دونوں ملک ایک دوسرے کی صلاحیت اور مہارت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مصنف کے بارے میں