برن: سوئٹزرلینڈ کے ایک بڑے کاروباری ادارے نے کیڑا برگر اور کیڑوں کے کوفتے متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ادارے کے مطابق خوراک کا یہ نیا سلسلہ انسانی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہو گا ۔ کیڑوں سے آراستہ برگر اور کوفتے پیش کرنیوالے ادارے کا نام کُوپ ہے ۔ کُوپ ایک بڑا کاروباری ادارہ ہے اور سوئٹزرلینڈ میں ضروریاتِ زندگی فراہم کرنیوالی سپر مارکیٹس کی دوسری بڑی چین ہے۔
اس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کیڑوں سے سجے برگر رواں ماہ کے اختتام پر عام لوگوں کیلئے پیش کر دیئے جائینگے ۔ کیڑوں سے تیار کردہ خوراک کو فوڈ سکیورٹی کے ماہرین نے ایک نئی اختراع قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کی ہے ۔ ان کے مطابق خوراک کے ممکنہ بحران کے تناظر میں کیڑوں سے تیار کی جانیوالی خوراک انسانی زندگی کیلئے مفید اور پائیدار ہو گی۔
ایسے برگر اور کوفتوں میں جو کیڑے شامل کئے گئے ہیں وہ پروٹین سے بھرپور ہیں ایسینٹو نامی ایک ادارے نے انہیں انسانی خوراک کے تناظر میں افزائش کیا ہے۔ ایسینٹو کے تیار کردہ کیڑوں کے برگر سوئٹزرلینڈ کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں موجود کُوپ کے سٹورز پر دستیاب ہونگے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں