لاہور: عوامی تحریک کا دھرنا آج مال روڈ پر ہی ہو گا کیونکہ پنجاب حکومت اور عوامی تحریک کے وکلا میں مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ عوامی تحریک نے پنجاب حکومت کو یقین دہانی کرائی کہ آج دھرنا رات 10 بجے ختم کر دینگے جبکہ کل دھرنے کا مقام تبدیل کر دیا جائے گا جس پر پنجاب حکومت نے عوامی تحریک کو مال روڈ پر دھرنے کی اجازت دے دی۔عدالت نے حکومت اور پولیس کو دھرنے کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ اجازت ملنے کے بعد عوامی تحریک کے کارکن جلسہ گاہ پہنچنے لگے۔
یاد رہے جسٹس مامون رشید نے انجمن تاجران کے رہنما نعیم میر کی جانب سے پاکستان عوامی تحریک کا مال روڈ پر دھرنا روکنے کی درخواست کی سماعت کی تھی۔ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے عوامی تحریک کے وکیل سے سوال کیا کہ دھرنا کتنے وقت کے لیے دیا جا رہا ہے جس پر وکیل عوامی تحریک کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی دھرنا نہیں بلکہ اس میں ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا شامل ہوں گے۔
اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ دھرنے کے لیے رات درخواست دی گئی۔ عوامی تحریک دھرنے پر بضد ہی ہے تو ناصر باغ میں دھرنا کر لے وہاں سکیورٹی کے مناسب اقدامات کئے جا سکتے ہیں۔ عدالت نے سماعت تھوڑی دیر کے لئے ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو ہدایت کی تھی کہ وہ معاملے کو خود طے کریں ورنہ عدالت فیصلہ کرے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں