پنجاب اسمبلی میں تمباکو نوشی کے انسداد کے لیے اضافی ٹیکسز کی قرارداد منظور

 پنجاب اسمبلی میں تمباکو نوشی کے انسداد کے لیے اضافی ٹیکسز کی قرارداد منظور

لاہور: پنجاب اسمبلی نے تمباکو نوشی کی حوصلہ شکنی کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمباکو کی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کرلی۔

رکن اسمبلی طاہرہ مشتاق کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں نوجوانوں میں تمباکو کے استعمال میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اس رجحان کو روکنے کے لیے تمباکو مصنوعات پر اضافی صوبائی محصول عائد کیا جائے۔

قرارداد کے متن میں تجویز دی گئی کہ تعلیمی اداروں میں انسدادِ تمباکو قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کے خطرناک اثرات سے بچایا جا سکے۔

ماہرین صحت کے مطابق پاکستان میں روزانہ 1,200 سے زائد بچے تمباکو نوشی کا آغاز کرتے ہیں، جو ایک لمحہ فکریہ ہے۔