سانتیاگو :چلی کے ایک شہری ایکسیکیل ہینوجوسا نے صفائی کے دوران والد کی پرانی بینک پاس بک دریافت کی، جس میں 1960 اور 70 کی دہائی میں محفوظ کی گئی ایک بڑی رقم درج تھی۔ بینک برسوں پہلے بند ہو چکا تھا، لیکن پاس بک پر "ریاستی ضمانت" (State Guarantee) کے درج الفاظ نے ہینوجوسا کو امید دلائی۔
انہوں نے ابتدائی طور پر حکومت سے رجوع کیا، لیکن درخواست مسترد کر دی گئی۔ بعد ازاں انہوں نے قانونی چارہ جوئی کرتے ہوئے عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ عدالتی کارروائی کے بعد عدالت نے شہری کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ریاست کو اصل رقم کے ساتھ سود کی ادائیگی کا حکم دیا۔
اس فیصلے کے تحت ایکسیکیل ہینوجوسا کو تقریباً 1.2 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 10 کروڑ 28 لاکھ روپے) کی رقم موصول ہوئی۔ یہ واقعہ نہ صرف قانونی ضمانتوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس بات کی علامت بھی ہے کہ پرانی دستاویزات کو محفوظ رکھنا کبھی کبھار غیر معمولی فائدہ دے سکتا ہے۔