ایک سال میں ملک کے حالات بدل گئے ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

03:45 PM, 16 Apr, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں اب حالات بہتری کی طرف جا رہے ہیں، اور پاکستان کے کسی کونے سے ڈیفالٹ کی آواز نہیں آ رہی۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں ہونے والی ماحولیاتی تحفظ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پچھلے ایک سال میں مہنگائی میں کمی آئی ہے اور ترسیلات زر (اوورسیز پاکستانیوں کی بھیجی گئی رقم) میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے پچھلی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چار سال اقتدار میں رہنے والے صرف اپنا خزانہ بھرتے رہے، جبکہ ہماری حکومت نے عوام کے دروازوں پر جا کر 10 ہزار روپے کے مالی امداد کے چیک دیئے۔

مریم نواز نے کہا کہ ماضی میں ماحولیات یا عوامی مسائل کی کسی کو فکر نہیں تھی۔ “جس حال میں محکمہ ماحولیات تھا، پنجاب بھی اسی حال میں تھا۔” لیکن اب ماحولیاتی تحفظ فورس اس شعبے میں بہتری لانے کا ایک نیا اور مضبوط قدم ہے۔انہوں نے بتایا کہ سموگ جیسے مسائل کی وجہ سے اسکول بند کرنے پڑے، اس لیے ماحولیات کا تحفظ عوام کی بہت بڑی خدمت ہے۔

صحت کے حوالے سے بھی وزیراعلیٰ نے اہم اعلان کیا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے نظام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر مریض کو مفت دوا دی جائے گی اور مہنگی ادویات بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تقریب میں وزیراعلیٰ کے ہمراہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ فورس کی پرچم کشائی کی گئی، قومی ترانہ بجایا گیا اور فورس کے ویجیلنس اسکواڈ نے وزیراعلیٰ کو سلامی پیش کی۔

مزیدخبریں